سولیا 7؍ جون (ایس او نیوز)یہاں بیلارے کے مقام پر ایک المناک حادثے میں مندر کے منیجر نارائن (۴۰سال) کو ایک بیل نے اپنے سینگوں سے ہلاک کردیا ہے۔موصولہ خبر کے مطابق یہ حادثہ مہالنگیشورا مندر میں پیش آیا۔
کہاجاتا ہے کہ مندر کے احاطے میں ایک طاقتور اور توانابیل رہتاتھا جس کی دیکھ بھال مندر کا اسٹاف کیاکرتاتھا۔بیل ہمیشہ نارائن کے ہاتھوں سے ہی چارہ کھایاکرتا تھا ۔لیکن مندر میں پوجا کے وقت بیل کو اس کے کھونٹے سے ہٹانے کے لئے جب نارائن اس کے قریب پہنچا تو بیل نے اچانک اپنے سینگ نارائن کے جسم میں گھونپ دئے۔ دوسرے اسٹاف نے رسیاں کھینچ کر بیل کو قابو کرنے اور نارائن کو بچانے کی کوشش تو کی ، مگر بیل بہت زیادہ توانا ہونے کی وجہ سے وہ لوگ اس کو قابو میں نہیں لاسکے اور نارائن کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔